اسلام آباد(رم نیوز( پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل کی مرمت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے باعث صارفین کو انٹرنیٹ کی سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی ٹی سی ایل کے مطابق مرمت کا یہ کام 14 اپریل سے 20 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ اسپیڈ متاثر ہونے کا امکان ہے، کیونکہ ان اوقات میں ٹریفک کا بوجھ زیادہ ہوتا ہے۔
پی ٹی سی ایل تین اہم سب میرین فائبر آپٹک کیبلز کا انتظام سنبھالتی ہے جو پاکستان کو عالمی نیٹ ورک سے جوڑتی ہیں۔ پاکستان میں دستیاب مجموعی انٹرنیٹ گنجائش 13 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ ہے، جبکہ حالیہ استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹس کے درمیان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اضافی گنجائش موجود ہونے کے باعث انٹرنیٹ مکمل طور پر بند نہیں ہوگا، تاہم کیبل کی مرمت کی وجہ سے ٹریفک کی ری روٹنگ (Rerouting) سروس کی سست روی کا باعث بن سکتی ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھاری ڈاؤن لوڈنگ یا اہم کاموں کے لیے غیر ضروری شام کے اوقات سے گریز کریں۔