جنگی نقصانات کا معاوضہ دیا جائے‘، ایران کا بحرین، امارات اور اردن سے بڑا مطالبہ

تہران (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران نے ایک نیا سفارتی محاذ کھولتے ہوئے خطے کے متعدد ممالک سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا معاوضہ طلب کر لیا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ ان ممالک نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کو نقصان پہنچایا ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ارنا' کے مطابق، اقوامِ متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید ایروانی نے باقاعدہ طور پر ان مطالبات کا ذکر کیا ہے۔

انہوں نے موقف اپنایا کہ بحرین، متحدہ عرب امارات اور اردن سمیت دیگر ممالک نے ایران کے خلاف اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ان ممالک کے اقدامات کے نتیجے میں ایران کو جو جانی و مالی نقصانات پہنچے، ان کا معاوضہ ادا کرنا قانونی طور پر ان کی ذمہ داری ہے۔ ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ متعلقہ ممالک نے بین الاقوامی قانون کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف معاندانہ رویہ اپنایا، جس کی وجہ سے خطے میں جنگی حالات پیدا ہوئے اور نقصانات ہوئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، ایران کا یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ اس مطالبے سے خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان پہلے سے موجود سفارتی تناؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جو خطے کے امن کے لیے ایک نیا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔