’تعلیم پر اب اشرافیہ کی اجارہ داری نہیں چلے گی‘، سرفراز بگٹی کا بلوچستان کے طلبا کے لیے بڑے تعلیمی پیکیج کا اعلان

کوئٹہ(رم نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے غریب اور محنت کش خاندانوں کے بچوں کو ملک کے صفِ اول کے تعلیمی اداروں میں بھیجنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیاری تعلیم اب صرف اشرافیہ کا نہیں بلکہ بلوچستان کے ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ حکومت پنجاب نے بلوچستان کے ذہین اور مستحق طلبا کے لیے 460 خصوصی سکالرشپس فراہم کی ہیں۔

ان وظائف کے ذریعے وہ بچے جو وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر تھے، اب پاکستان کے ممتاز اداروں میں پڑھ سکیں گے۔ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (PEEF) نے ان سکالرشپس کے لیے باقاعدہ طور پر درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور تعلیمی میدان میں پنجاب اور بلوچستان کے انڈومنٹ فنڈز کا باہمی تعاون ایک بڑی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا ماضی میں اعلیٰ تعلیمی ادارے صرف خاص طبقے کے لیے مخصوص تھے، لیکن آج بلوچستان کا محنت کش طبقہ اپنے بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر اور افسر بنتے دیکھ رہا ہے، جو صوبے کی حقیقی ترقی کا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سکالرشپ پروگرام سے صوبے میں تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔