نیویارک،اسلام آباد (رم نیوز)امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنے جوہری پروگرام اور یورینیم کی افزودگی کو 5 سال تک معطل کرنے کی اہم تجویز پیش کی ہے، جسے واشنگٹن نے ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران تہران اور واشنگٹن نے جوہری سرگرمیوں سے متعلق مختلف تجاویز کا تبادلہ کیا۔ ایران نے آمادگی ظاہر کی کہ وہ آئندہ 5 برسوں تک یورینیم کی افزودگی روک دے گا۔
امریکی حکام نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یہ معطلی کم از کم 20 سال کے لیے ہونی چاہیے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے سخت موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی انتظامیہ 5 سالہ مدت کو ایک عارضی حل سمجھ رہی ہے اور طویل مدتی ضمانتوں پر بضد ہے۔
اگرچہ اسلام آباد مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے، تاہم سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ تجاویز کا تبادلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امن معاہدے کی گنجائش ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان بالمشافہ مذاکرات کے دوسرے دور کا قوی امکان ہے تاکہ ان اختلافات کو ختم کیا جا سکے۔