روس کی ایران کو مذاکرات جاری رکھنے کی تجویز، تنازع کی جڑ ختم کرنے پر زور

ماسکو / تہران(رم نیوز) روس نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی رابطوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے تہران کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ خطے میں جاری کشیدگی کی اصل بنیاد کو ختم کیا جا سکے اور طویل المدتی امن قائم ہو۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور ان کے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس دوران ایرانی وزیر خارجہ نے روس کو 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے ایران امریکہ مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روس نے ایران پر زور دیا ہے کہ ایسے حل تلاش کیے جائیں جن سے نہ صرف موجودہ بحران ٹلے بلکہ تنازع کی جڑ ہی ختم ہو جائے۔ اس عمل میں ایران اور اس کے پڑوسی ممالک کے جائز مفادات کا تحفظ ناگزیر ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے واضح کیا کہ خطہ مزید کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور روس بحران کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے

۔واضح رہے کہ اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطہ کر کے امریکہ کے ساتھ جاری امن مذاکرات میں روس کی جانب سے ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی، جس کا مقصد خطے میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔