ایران امریکہ مذاکرات کا اگلا پڑاؤ پاکستان: صدر ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت پر غیر معمولی اعتماد، 48 گھنٹے اہم قرار

واشنگٹن / اسلام آباد (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کا اگلا اور انتہائی اہم دور آئندہ دو روز میں پاکستان میں منعقد ہونے کا قوی امکان ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے پاکستان کی عسکری قیادت کو عالمی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ وہ ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے پاکستان کے انتخاب کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی عسکری قیادت کو سراہتے ہوئے کہا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کا انتخاب کیوں کیا گیا؟ کیونکہ وہاں کے فیلڈ مارشل عاصم منیر لاجواب ہیں اور ان کی کارکردگی غیر معمولی ہے۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران ان کا رابطہ فیلڈ مارشل سے رہا تھا، اور انہی کی حکمت عملی کی بدولت محض 4 روز کے اندر امن معاہدہ طے پایا جس میں امریکہ نے تعاون کیا تھا۔ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ فیلڈ مارشل کی اسی کارکردگی کی بنیاد پر امریکہ ایک بار پھر بڑے مذاکرات کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے۔ امریکی صدر نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صحافیوں کو اس وقت پاکستان میں ہونا چاہیے کیونکہ اگلے دو روز میں وہاں کوئی بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔