اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ ایک اہم زیرِ سمندر (Submarine) انٹرنیٹ کیبل کی مرمت کا کام شروع ہو چکا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ کی فراہمی میں عارضی سست روی دیکھی جا رہی ہے۔ پی ٹی سی ایل کے مطابق مرمت کا یہ کام 14 اپریل سے شروع کیا گیا ہے جو 20 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں، جب انٹرنیٹ کا استعمال عروج پر ہوتا ہے، صارفین کو براؤزنگ اور اسٹریمنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے دوران ملک کی انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل کیبل سسٹمز پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اس وقت مجموعی طور پر 6 سب میرین کیبل سسٹمز سے منسلک ہے جن کی کل گنجائش 13 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ ہے، جبکہ ملک میں انٹرنیٹ کا موجودہ استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹس کے درمیان ہے۔