تہران / اسلام آباد (رم نیوز)عالمی سفارتی محاذ سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں ایران نے پاکستان کی میزبانی میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور وزیر خارجہ دونوں نے مذاکرات کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی حمایت کی ہے۔ تہران سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایرانی حکام ایک تکنیکی ٹیم کے ساتھ امریکی وفد سے ملنے کے لیے تیار ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ اختلافات کو کم کرنے کے لیے ٹھوس بات چیت کی جا سکے۔
اگرچہ مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے ابھی تک کسی حتمی تاریخ یا وقت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان اور ایران کی آمادگی کے بعد آئندہ چند روز کے اندر پاکستان میں یہ ملاقات متوقع ہے۔ تہران کی اعلیٰ قیادت نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
محض سیاسی بیانات کے بجائے اب تکنیکی ماہرین کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ اسلام آباد ایک بار پھر دونوں عالمی حریفوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ہی پاکستان کی میزبانی اور وہاں کی عسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان یہ تکنیکی مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو اس سے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت اور امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔