کراچی (رم نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان کی ساحلی پٹی کے تحفظ اور بندرگاہوں کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں معروف ماحولیاتی کارکن الماس کاسمانی کو کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کا سفیر مقرر کرتے ہوئے انہیں خصوصی مشن سونپ دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے الماس کاسمانی کی جانب سے اب تک 4 ہزار مینگرووز کی بحالی کے کام کو سراہا اور انہیں تعریفی سند و اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ الماس کاسمانی نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید ایک لاکھ مینگرووز لگانے کا ہدف پورا کریں گی۔
جنید انوار چوہدری نے ساحلی علاقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ساحلی علاقوں میں شجرکاری اور ایکو ٹورازم کا فروغ ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔ماحولیاتی بہتری کے لیے نوجوانوں کا جوش و خروش قابلِ دید ہے۔پاکستان کی ساحلی پٹی پر مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جو "بلیو اکنامی" کے لیے خوش آئند ہیں۔وزیرِ بحری امور نے عید کی تعطیلات کے دوران کے پی ٹی (KPT) کی خواتین ملازمین کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان خواتین کی محنت کی بدولت بندرگاہ کے آپریشنز چھٹیوں کے دوران بھی بلا تعطل جاری رہے۔
انہوں نے مزید کہا بندرگاہی نظام اور نیلگوں معیشت (Blue Economy) کی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے، اور آبی وسائل کے پائیدار استعمال میں ان کی شمولیت سے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب پاکستان عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور اپنے سمندری وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ الماس کاسمانی کی بطور سفیر تقرری اس مہم میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی