واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے تاریخی براہِ راست مذاکرات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما 34 سال کے طویل وقفے کے بعد پہلی بار براہِ راست بات چیت کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ فریقین کے درمیان تلخی کم کرنے اور مستقل جنگ بندی کے لیے ذاتی طور پر کوششیں کر رہے ہیں۔ایک طرف مذاکرات کی خبریں ہیں تو دوسری طرف زمین پر جنگ کی شدت میں کمی نہیں آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 43 لبنانی شہری شہید ہو گئے۔ جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے، جہاں اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے شدید بمباری کی جا رہی ہے۔ لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گرینڈ مارکیٹ کے قریب گھروں کو مسمار کر دیا، جبکہ قصبہ تبنین کے ہسپتال کو بھی فضائی حملے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔