بابر اعظم کا ایک اورریکارڈ: ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100 نصف سنچریاں مکمل

لاہور(رم نیوز) پاکستان کے مایہ ناز بیٹر اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختصر ترین فارمیٹ (T20) میں اپنی 100ویں ففٹی مکمل کر کے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام مزید سنہرا کر لیا ہے۔بابر اعظم نے کوئٹہ کے خلاف میچ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر میدان مار لیا۔

اس ریکارڈ ساز اننگز کے دوران بابر اعظم نے ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا۔وہ پاکستان سپر لیگ (PSL) کی تاریخ میں 4,000 رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔انہوں نے یہ سنگ میل محض 104 میچز میں حاصل کیا۔ اس موقع پر ایک دلچسپ اتفاق یہ بھی ہوا کہ جنوبی افریقہ کے رائلی روسو پی ایس ایل میں 100 میچز کھیلنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بنے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے بابر اعظم کی 100 ففٹیز اور روسو کے 100 میچز کی خوشی میں خصوصی تصویر جاری کی گئی، جسے شائقینِ کرکٹ کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ بابر اعظم اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں اور اب پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے مسلسل ریکارڈز اپنے نام کر رہے ہیں۔