کے پی ہائی ویز اتھارٹی کی گرانٹ میں اضافہ: انٹرن شپ نشستیں 6 ہزار کرنے کی منظوری

پشاور(رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت پختونخوا ہائی ویز کونسل کے 24ویں اجلاس میں صوبے کے انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کونسل نے ہائی ویز اتھارٹی کی سالانہ آپریشنل گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 40 ملین روپے کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے ایز آف ڈوئنگ بزنس (Ease of Doing Business) کے تحت 'رائٹ آف وے' چارجز وصول نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اتھارٹی کے سروس ریگولیشنز میں ترامیم کے ذریعے ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ بینیفٹس اور وفات کی صورت میں مالی معاوضے (Death Compensation) کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی انٹرنشپ پروگرام میں نشستوں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد اب 5 ہزار کے بجائے 6 ہزار نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ ضلع دیر لوئر میں گل آباد تا سربالا روڈ کو صوبائی تحویل میں لینے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی ہدایت دی گئی۔ صحت کارڈ کے تحت وفات پانے والے افراد کے ورثاء کے لیے مالی معاونت کا پیکج مزید بہتر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت وسائل کے مؤثر استعمال اور بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق عوامی خوشحالی کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔