بجلی کا شارٹ فال 5700 میگاواٹ سے متجاوز، ایل این جی پلانٹس بند ہونے سے بحران شدید

لاہور(رم نیوز) ملک بھر میں توانائی کے بحران نے سر اٹھا لیا ہے، جہاں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 5 ہزار 726 میگاواٹ تک پہنچنے کے بعد مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق، اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار میگاواٹ ہے، جبکہ تمام ذرائع سے حاصل ہونے والی پیداوار صرف 14 ہزار 274 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ملک میں ایل این جی کی درآمد صفر ہونے کے باعث حویلی بہادر شاہ، بھیکی اور نندی پور جیسے اہم پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار تقریباً رک گئی ہے۔ 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم پاور پلانٹ بھی فنی وجوہات کی بنا پر بند ہے، جس سے پن بجلی کی مجموعی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کا سسٹم بھی اوور لوڈڈ بتایا جاتا ہے۔