واشنگٹن (رم نیوز) سعودی عرب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی مدت میں توسیع (رول اوور) کر دی ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے جس پر واشنگٹن میں دستخط کیے گئے۔معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی (SFD) کے چیف ایگزیکٹو اور گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے دستخط کیے۔ اس اہم تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا یہ معاہدہ پاک سعودی عرب کے مثالی اور دیرینہ اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کے بیرونی مالی استحکام کو مزید تقویت ملے گی اور عالمی سطح پر مثبت پیغام جائے گا۔ اس سے قبل گزشتہ روز ہی سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹس پاکستان کو موصول ہوئے تھے، جس کی تصدیق سٹیٹ بینک پہلے ہی کر چکا ہے۔
ان ڈالرز کی آمد سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اچانک بڑی کمی کا خطرہ ٹل گیا ہے اور روپے کی قدر کو سہارا ملا ہے۔پاکستان کو یہ ریلیف ایک ایسے وقت میں ملا ہے جب ملک کو بھاری غیر ملکی ادائیگیوں کا سامنا ہے ۔ پاکستان نے رواں ماہ ہی یوروبانڈ میچیورٹی کی مد میں 1 ارب 20 کروڑ ڈالر ادا کیے ہیں۔پاکستان کو رواں ماہ ہی یو اے ای کو ساڑھے 3 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے، کیونکہ یو اے ای نے اپنے ڈپازٹس رول اوور کرنے سے معذرت کر لی تھی۔