تہران (رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، سیکیورٹی امور اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایران نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا۔ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے جنگ بندی اور مصالحتی کوششوں میں پاکستان کے "تاریخ ساز" کردار کو سراہتے ہوئے کہاموجودہ جنگ بندی برادر ملک پاکستان کی ثالثی کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
ایران، پاکستان کے اس مخلصانہ اور مثبت کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے دیرپا حل کے لیے پاکستان مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، بلکہ تمام تنازعات کا حل صرف اور صرف بامقصد مذاکرات (ڈائیلاگ) میں ہی پوشیدہ ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی ترقی کے لیے امن کا قیام اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا دورہ تہران ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطہ اہم سیاسی اور دفاعی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے، اور پاکستان کا ثالثی کردار دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد کا عکاس ہے۔