بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، بیرسٹر گوہر کا انکشاف

اسلام آباد (رم نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے حکام سے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق فوری معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں گزشتہ رات بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حکومت اور جیل حکام فوری طور پر بشریٰ بی بی کی صحت اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی سے ان کی فیملی کی ملاقات کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے بھی ان کے اہل خانہ کی ملاقات کا انتظار ہے، جو کہ کسی بھی شخص کا بنیادی قانونی حق ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی شفیع اللہ جان نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بشریٰ بی بی کی صحت کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر سیاسی خاتون کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ سب سیاسی انتقام کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم اور قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے پیدا ہونے والے ابہام کو دور کیا جائے اور ان کے ذاتی معالج یا فیملی ممبران کو فوری طور پر ان تک رسائی دی جائے تاکہ ان کی اصل طبی حالت کا پتہ چل سکے۔