جکارتہ (رم نیوز) انڈونیشیا کے صوبے مغربی کلیمنتان میں ایک نجی کمپنی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 8 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ حکام نے حادثے کے مقام سے تمام لاشیں برآمد کر کے ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل لقمان ایف لیسا کے مطابق، ایئربس ہیلی کاپٹر مقامی کمپنی "میتھیو ایئر نوسانتارا" کی ملکیت تھا۔
ہیلی کاپٹر نے گزشتہ صبح پرواز بھری تھی، تاہم صرف 5 منٹ بعد ہی اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے طویل تلاش کے بعد ایک دشوار گزار پہاڑی اور گھنے جنگلاتی علاقے میں ملبے کا سراغ لگایا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد مرد تھے، جن میں ایک ملائیشین شہری بھی شامل ہے۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ عملے اور مسافروں میں سے کوئی بھی جانبر نہ ہو سکا۔تمام لاشوں کو نکال کر صوبائی دارالحکومت پونتیانک منتقل کیا جا رہا ہے۔