"شکریہ پاکستان، شکریہ فیلڈ مارشل"؛ صدر ٹرمپ کا تعریفی پیغام

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور تہران و واشنگٹن کے درمیان برف پگھلانے میں پاکستان کے کلیدی کردار کا کھلے دل سے اعتراف کر لیا ہے۔ اپنی سوشل میڈیا سائٹ 'ٹروتھ سوشل' پر جاری ایک خصوصی پیغام میں صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی امن کا معمار قرار دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ امریکی صدر نے اپنے پیغام میں پاکستانی قیادت کی سفارتی حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا شاندار شخصیات "شکریہ پاکستان، شکریہ وزیراعظم، شکریہ فیلڈ مارشل! آپ دونوں شاندار شخصیات ہیں۔

ٹرمپ نے آج کے دن کو پوری دنیا کے لیے ایک "شاندار دن" قرار دیا اور امن عمل میں معاونت پر سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کا بھی شکریہ ادا کیا۔صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں ایران نے امریکہ کی مدد سے آبنائے ہرمز سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے اور یہ راستہ اب عالمی تجارت کے لیے مکمل طور پر کھل چکا ہے۔

امریکی صدر نے نیٹو (NATO) کے کردار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب جب مسئلہ حل ہو چکا ہے تو نیٹو کی کالز آ رہی ہیں، لیکن میں نے انہیں دور رہنے کا کہہ دیا ہے۔ انہوں نے نیٹو کو "کاغذی شیر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وہ بے کار ثابت ہوئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کے بیشتر نکات طے پا چکے ہیں اور جلد ہی ایک بڑے بریک تھرو کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حتمی دستخط نہیں ہو جاتے، بحری ناکہ بندی جاری رہے گی لیکن ایران کا رویہ اب تعمیری ہے۔