وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ٹرمپ کے تعریفی کلمات پر شکریہ، امن مشن جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور خطے میں استحکام کے لیے اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گا۔ صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا پیغام کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا جنابِ صدر، پاکستان کے عوام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اپنی جانب سے، میں آپ کے مہربان اور شائستہ کلمات پر گہری اور دلی قدردانی کا اظہار کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کوششوں سے مشرقِ وسطیٰ میں تناؤ کی کمی اور آبنائے ہرمز کا کھلنا عالمی معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔