عالمی یومِ ورثہ: صدر اور وزیراعظم کا پاکستانی ثقافتی شناخت کے تحفظ اور تاریخی مقامات کی بحالی کا عزم

اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج "عالمی یومِ ورثہ" منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغامات میں پاکستان کی قدیم تہذیبوں کے تحفظ، تاریخی مقامات کی بحالی اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان قدیم ترین انسانی تہذیبوں کا مسکن رہا ہے۔ سنگی دور سے لے کر مغلیہ عہد تک کا تاریخی تسلسل ہماری سرزمین پر بکھرا ہوا ہے۔ موہن جو داڑو، مہر گڑھ اور گندھارا تہذیب کے شاہکار ہماری قومی پہچان ہیں۔ ورثہ صرف ماضی کی یادگار نہیں بلکہ سیاحت کے ذریعے روزگار اور معیشت کی ترقی کا بڑا ذریعہ ہے۔ صدر نے زور دیا کہ نوجوان نسل اور مقامی برادریاں ان مقامات کی حفاظت میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے ورثے کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ حکومت مزید تاریخی مقامات کو یونیسکو (UNESCO) کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل کرانے کے لیے سرگرم ہے۔ وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ حکومت ڈیجیٹل ثقافتی پلیٹ فارمز پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ ورثے کو دستاویزی شکل میں محفوظ کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان اقدامات سے نہ صرف سیاحت بڑھے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی "ثقافتی سفارت کاری" کو بھی تقویت ملے گی۔