کورنگی فشریز ہاربر میں 12 کروڑ کی لاگت سے فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر کا اعلان، ماہی گیروں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

کراچی (رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت کورنگی فشریز ہاربر بورڈ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھوٹے ماہی گیروں کی سہولت اور فشریز ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے کلیدی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیر نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورنگی فشریز ہاربر پر فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر 12 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ جیٹی کی تعمیر کا کام جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد چھوٹے ماہی گیروں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔جیٹی کی تعمیر سے کم پانی والے علاقوں میں بحری آپریشنز بہتر ہوں گے اور ماہی گیروں کی رسائی محفوظ ہو جائے گی۔ جدید انفراسٹرکچر سے ماہی گیروں کے روزمرہ اخراجات میں کمی آئے گی اور ساحلی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت "کیچ مانیٹرنگ سسٹم" کے ذریعے پائیدار ماہی گیری کو فروغ دے رہی ہے۔ یہ پورا منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کے عالمی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف کورنگی فشریز ہاربر کی کارکردگی بڑھے گی بلکہ ملکی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔