ایبٹ آباد (رم نیوز) ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، تاہم کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو ریکارڈ وقت میں دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ایئر چیف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایئر چیف نے کہا کہ دشمن پاکستان کی طاقت اور پیشہ ورانہ مہارت سے بخوبی واقف ہے۔ 'معرکہ حق' اور 'بنیان المرصوص' جیسے آپریشنز میں پاک فوج اور فضائیہ کی حکمت عملی کو دنیا نے تسلیم کیا۔
انہوں نے عزم دہرایا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا اب ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پریڈ میں خواتین کیڈٹس اور دوست ممالک کے کیڈٹس کی شمولیت کو بھی سراہا۔ ایئر چیف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کو دنیا کی بہترین عسکری درسگاہ قرار دیتے ہوئے یہاں کی تربیت اور قیادت کے معیار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔