راولپنڈی/تہران (رم نیوز)پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کے ہمراہ ایران کا اپنا تین روزہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں برادر ممالک کے مابین تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے دورے کے دوران ایرانی نیشنل اسمبلی کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے سربراہ نے خطے کے مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کشیدگی میں کمی اور باہمی تعاون ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے دیے گئے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سفارتی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔