سکیورٹی اقدامات یا سفارتی سرگرمیاں؟ اسلام آباد ریڈ زون کے تمام دفاتر بند، 'ورک فرام ہوم' کا حکم جاری

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے انتہائی حساس علاقے 'ریڈ زون' میں واقع تمام سرکاری دفاتر کو فوری طور پر گھروں سے کام کرنے (Work From Home) کی ہدایت کر دی ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، آج ریڈ زون میں موجود تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور ذیلی اداروں کے ملازمین دفاتر آنے کے بجائے گھروں سے فرائض سرانجام دیں گے۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ دفاتر کی بندش کا مطلب 'چھٹی' ہرگز نہیں ہے۔ نوٹیفکیشن کی اہم شرائط درج ذیل ہیں۔تمام افسران اور سیکرٹریٹ سٹاف کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہر چھوڑ کر نہ جائیں اور اپنے سٹیشن پر ہی موجود رہیں۔ کسی بھی سرکاری ضرورت کے پیشِ نظر عملے کو کسی بھی وقت انتہائی مختصر نوٹس پر دفتر بلایا جا سکتا ہے۔

اگرچہ نوٹیفکیشن میں کسی خاص وجہ کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم سفارتی حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ اقدام اسلام آباد میں جاری پاک-امریکہ-ایران مذاکرات اور غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور ریڈ زون میں رش کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس حکم کے بعد ریڈ زون کی طرف جانے والے راستوں پر سکیورٹی کے مزید سخت انتظامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔