بنوں خودکش حملے کا سہولت کار اور 'فتنہ الخوارج' کا رنگ لیڈر مارا گیا

بنوں (رم نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف ایک موثر کارروائی کرتے ہوئے 'فتنہ الخوارج' کے اہم کمانڈر اور ایک خودکش بمبار کو ہلاک کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو خارجہ دہشت گرد انجام کو پہنچے۔

ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا خارجی رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مکتیار سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔ وحید اللہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے اس خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار تھا جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔ ترجمان کے مطابق، اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے بلکہ ایک بڑے خودکش حملے کا خطرہ بھی ٹل گیا ہے۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے جوانوں کی بہادری پر فخر ہے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ریاست چین سے نہیں بیٹھے گی۔