اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاک ،امریکہ تعلقات کی مضبوطی، علاقائی سلامتی اور اسلام آباد میں ہونے والے پاک-امریکہ-ایران مذاکرات کے حوالے سے اہم امور زیرِ بحث آئے۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے امریکی سفیر کو اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے کیے گئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آنے والے تمام معزز غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
ہم ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں اور دعاگو ہیں کہ یہ خطے میں امن کا پیش خیمہ ثابت ہوں۔ امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تہران و واشنگٹن کے درمیان برف پگھلانے کے لیے پاکستان کے سفارتی اور مخلصانہ کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکام کی کوششوں کو سراہا۔
اس اہم ملاقات میں انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کی ٹیم سمیت سفارت خانے آمد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ہونے والے ان مذاکرات کی میزبانی کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے اور سیکیورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔