کراچی(رم نیوز)شہرِ قائد میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ٹریفک سگنلز کو بین الاقوامی طرز پر منتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ شہر کی شاہراہوں پر جلد ہی اسمارٹ ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے میونسپل کمشنر کو ہدایت جاری کی ہے کہ ان جدید سگنلز کی خریداری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ منصوبے پر بلا تاخیر کام شروع ہو سکے۔
اس منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو ۔ شہر کے ریڈ زون اور معاشی مرکز آئی آئی چندریگر روڈ کو ماڈل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جہاں سب سے پہلے یہ نظام رائج ہوگا۔ اگلے مرحلے میں تاریخی شاہراہ ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم سڑکوں پر اسمارٹ سگنلز لگائے جائیں گے۔ میئر کراچی کا کہنا ہے کہ بنیادی ڈھانچے (انفرا اسٹرکچر) کی بہتری کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد شہر کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اگر ٹریفک کو سائنسی اور مؤثر طریقے سے ریگولیٹ کیا جائے تو شہر کے آدھے سے زیادہ مسائل خود بخود ختم ہو جائیں گے۔اس جدید نظام کی بدولت نہ صرف ٹریفک جام کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ انسانی مداخلت کے بغیر ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کرنا ممکن ہو سکے گا۔