واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ معاہدہ جلد طے پا جائے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ماضی کی طرح کسی "ناقص یا برے سودے" کا حصہ نہیں بنیں گے۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر بدھ تک کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوا تو جنگ ناگزیر ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو اور 'ٹروتھ سوشل' پر اپنے پیغامات میں صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ امریکی فوج نے "آپریشن مڈ نائٹ ہیمر" کے دوران ایران کے جوہری ڈھانچے کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تنصیبات کی دوبارہ بحالی میں ایران کو برسوں لگیں گے، اس لیے امریکہ اب مضبوط پوزیشن میں مذاکرات کر رہا ہے۔ خطے کی صورتحال اور ممکنہ ڈیل کے تناظر میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کا ایک اہم وفد آج اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔یہ دورہ ایران کے ساتھ ہونے والے مستقبل کے معاہدے میں پاکستان کے ممکنہ کردار یا علاقائی استحکام کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جو نیا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں، وہ سابق صدر اوباما کے دور میں کیے گئے ایٹمی معاہدے سے کہیں زیادہ جامع اور بہتر ہوگا، جس پر پوری دنیا فخر کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ڈیل فائنل نہیں ہوتی، ایران کی بحری ناکہ بندی سختی سے برقرار رہے گی۔