علامہ اقبالؒ کی فکر ایک منصفانہ اور مستحکم نظام کی بنیاد ہے: صدر اور وزیراعظم کا ٹریبیوٹ

اسلام آباد (رم نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کو ان کے یومِ وفات پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبالؒ کے افکار آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ صدرِ مملکت نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصورِ خودی محض ایک فلسفہ نہیں بلکہ سماجی انصاف اور خود کفیل پاکستان کی جانب ایک عملی راستہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اقبالؒ کی فکر ایک ایسے منصفانہ اور انسان دوست نظام کی آبیاری کرتی ہے جس کی بنیاد استحکام پر ہے۔صدر کے مطابق، عصرِ حاضر کے مسائل کا حل علامہ اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں پنہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبالؒ کو مسلمانانِ برصغیر کا عظیم محسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے محکوم قوم کو خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا وہ پیغام دیا جس نے ان میں بیداری اور خود مختاری کی روح پھونکی۔ آج کے دور میں علامہ اقبالؒ کے افکار کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔محبت، اخوت اور ملت کی بیداری کو علامہ اقبالؒ نے اپنا مقصدِ حیات قرار دیا، اور ہمیں بھی انہی اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کے نظریات کی روشنی میں اتحاد اور علم کا راستہ اختیار کر کے ہی ہم اپنے مستقبل کو محفوظ اور تابناک بنا سکتے ہیں۔ پوری قوم علامہ اقبالؒ کی عظیم فکری قیادت کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ایک الگ وطن کا خواب دیکھا اور اسے تعبیر دینے کے لیے قوم کی فکری تربیت کی۔