کراچی پورٹ سکیورٹی فورس میں 24 سالہ جمود ختم، 170 اہلکاروں کی ترقی کی منظوری

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ سکیورٹی فورس (KPSF) کے اہلکاروں کے لیے ایک تاریخی فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر کی ہدایت پر گزشتہ 24 سال سے التوا کا شکار 170 اہلکاروں کی ترقیوں کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے، جسے ادارے کی تاریخ میں ایک بڑا انتظامی بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارتِ بحری امور میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران، جس کی صدارت وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کی، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ طریقہ کار کی پیچیدگیوں اور قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے یہ ترقیاں دو دہائیوں سے زائد عرصے سے رکی ہوئی تھیں، تاہم اب تمام ضابطے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے نئی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیوں کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ملازمین میں پائے جانے والے پیشہ ورانہ جمود کا خاتمہ کرنا ہے۔مستقبل میں سروس کی مدت اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقیوں کے نظام کو مستقل ادارہ جاتی شکل دی جائے گی۔
محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ مضبوط ہیومن ریسورس پالیسیاں کسی بھی ادارے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ کراچی پورٹ سیکیورٹی فورس ملک کی اہم ترین بحری گزرگاہوں کی محافظ ہے، اور اہلکاروں کے سروس مسائل حل ہونے سے ان کا مورال بلند ہوگا، جس کے براہِ راست مثبت اثرات بندرگاہ کی سکیورٹی اور مجموعی کارکردگی پر مرتب ہوں گے۔ چیئرمین کے پی ٹی نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ ان ترقیوں سے فورس میں نئی روح پھونکی گئی ہے اور اب اہلکار مزید تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔