ایران امریکہ جنگ کا انجام صرف تباہی، کوئی فاتح نہیں ہوگا: صدر الیگزینڈر لوکا شینکو

منسک (رم نیوز)بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست جنگ چھڑتی ہے، تو اس میں جیت کسی کی نہیں ہوگی، بلکہ صرف تباہی مقدر بنے گی۔ روسی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں صدر لوکا شینکو کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع میں اگرچہ حالیہ کوششوں سے امن کو جزوی کامیابی ملی ہے، لیکن مجموعی صورتحال اب بھی انتہائی نازک ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عارضی جنگ بندی کو مستقل اور حقیقی امن میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بیلاروسی صدر نے خطے میں قیامِ امن کے حوالے سے امریکی صدر کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا مستقبل کے امن کا دارومدار بڑی حد تک صدر ٹرمپ کے فیصلوں پر ہے۔ امریکی صدر کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ جنگ میں مزید پیش رفت صرف عالمی تباہی کا باعث بنے گی۔عالمی برادری کو اس وقت محتاط سفارت کاری کی ضرورت ہے۔

لوکا شینکو نے اپنے انٹرویو میں اس بات پر اصرار کیا کہ اس وقت ترجیح جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا جیسے ممالک کے درمیان تصادم کا مطلب عالمی معیشت اور سیکیورٹی کے ڈھانچے کا بکھر جانا ہے، جس سے بچنا ہی انسانیت کے حق میں بہتر ہے۔