عدلیہ میں بڑے پیمانے پر تبادلے: جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب، اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز کی منتقلی پر غور

اسلام آباد (رم نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 28 اپریل کو جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کو مختلف صوبائی ہائی کورٹس میں منتقل کرنے کی تجویز پر حتمی مشاورت ہوگی۔ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے تحت حاصل ہونے والے نئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے درج ذیل ججز کے تبادلے زیرِ غور ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی کو لاہور ہائی کورٹ اور جسٹس بابر ستار کو پشاور ہائی کورٹ منتقل کرنے کی تجویز ہے۔ جسٹس ثمن رفعت اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلے سندھ ہائی کورٹ میں کیے جانے کا امکان ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کو بلوچستان ہائی کورٹ تعینات کرنے پر غور کیا جائے گا۔ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جوڈیشل کمیشن ہائی کورٹ کے ججز کا تبادلہ دوسرے صوبوں میں کرنے کے اپنے خصوصی اختیار کو استعمال کر رہا ہے۔ قانونی ماہرین اس اقدام کو عدالتی نظام میں انتظامی استحکام اور ججز کی وسیع تر تجربہ سازی کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔