ایران کا دوست ممالک کے لیے آبنائے ہرمز ٹرانزٹ فیس ختم کرنے کا اعلان

تہران(رم نیوز) ایران نے روس سمیت دیگر دوست ممالک کے بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے پر عائد ٹرانزٹ فیس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ روس میں ایرانی سفیر کاظم جلالی کے مطابق یہ فیصلہ فی الحال آزمائشی اور محدود بنیادوں پر کیا گیا ہے تاکہ اس کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی وزارتِ خارجہ اس پالیسی کو مزید مؤثر بنانے پر کام کر رہی ہے اور مستقبل میں معاشی و سفارتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید اتحادی ممالک کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین اس اقدام کو ایران کی جانب سے اقتصادی دباؤ کے توڑ اور اتحادیوں کے ساتھ تجارتی روابط مضبوط کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دے رہے ہیں۔