لاہور(رم نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر عامر سہیل نے پی ایس ایل میچ کے دوران کراچی سے متعلق اپنے متنازع ریمارکس پر عوامی تنقید کے بعد باضابطہ معذرت کر لی ہے۔لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں کمنٹری کے دوران جب دونوں شہروں کی ثقافت دکھائی جا رہی تھی، تو عامر سہیل نے تبصرہ کیا کہ "کراچی کی اصل پہچان وہاں کی پان کی پچکاریاں ہیں، جن کے بغیر شہر کی وضاحت ادھوری ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس پچکاری کی آواز کو 'مس' کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اور معروف صحافیوں نے اس بیان کو کراچی جیسے بڑے معاشی شہر کی توہین قرار دیا۔ کئی اہم شخصیات نے اسے "مایوس کن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے پلیٹ فارم پر ملک کے سب سے بڑے شہر کا مذاق اڑانا نامناسب ہے۔تنقید کے بعد عامر سہیل نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہامیں غلطی پر تھا کہ پچکاریوں کو شہر کی ثقافت سمجھا، کراچی بھی میرا اپنا شہر ہے۔ میرا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا بلکہ میں پان کے کلچر سے متعلق اپنی سوچ کا اظہار کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ عامر سہیل اپنی بے لاگ گفتگو کے لیے مشہور ہیں، تاہم اس بار ان کے تبصرے نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا جسے اب انہوں نے معافی مانگ کر ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔