اسلام آباد/کراچی(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور تاجروں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کراچی پورٹ کے مختلف ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں بھاری کمی کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر کے اعلان کے مطابق برآمدکنندگان کو مختلف ٹرمینلز پر درج ذیل رعایتیں دی جائیں گی،کے جی ٹی ایل (KGTL یکم سے 20 مارچ تک سٹوریج چارجز میں 50 فیصد معافی،کے آئی سی ٹی (KICT) یکم سے 10 مارچ تک چارجز میں 50 فیصد رعایت،ایس اے پی ٹی (SAPT) 11 سے 31 مارچ تک چارجز میں 25 فیصد کمی کا اطلاق ہوگا۔
محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک جانے والی ان شپمنٹس کو خصوصی ریلیف دیا جائے گا جن میں تاخیر ہوئی، جبکہ بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے کنٹینرز پر بھی اس رعایت کا اطلاق ہوگا۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد برآمدکنندگان پر سے مالی دباؤ کم کرنا اور لاجسٹک مسائل کا خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارگو کلیئرنس کے عمل کو بہتر بنا کر برآمدات کو سہارا دیا جا رہا ہے تاکہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہو سکے۔