کراچی(رم نیوز) شہرِ قائد میں گرمی کی شدت میں اچانک اضافے کے بعد محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت بڑھنے کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ ماہرین صحت نے شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہونے کی وجہ سے گرمی کی تپش اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ طبی ماہرین نے گرمی کے باعث مختلف انفیکشنز اور الرجی کے خطرے سے بچنے کے لیے درج ذیل مشورے دیے ہیں۔ شہری پانی ابال کر پیئیں اور باہر کے کھلے مشروبات یا کھانوں سے مکمل پرہیز کریں۔ دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے زیب تن کریں۔ زیادہ پسینے کی صورت میں جلد کو صاف اور خشک رکھیں تاکہ دانوں اور خارش سے بچا جا سکے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وقفے وقفے سے ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوئیں تاکہ جلد کی جلن اور خشکی سے محفوظ رہا جا سکے۔