کوئٹہ(رم نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے اہم پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہر شہری کا قومی شناختی کارڈ ہی اس کا 'ہیلتھ کارڈ' تصور ہوگا، جس کے ذریعے ملک بھر کے بہترین سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت حاصل کی جا سکے گی۔
حکومتی رپورٹ کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت اب تک 3 لاکھ 45 ہزار مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے، جس میں درج ذیل پیچیدہ آپریشنز اور سیشنز شامل ہیں۔دل کے مریضوں کی 7,784 اینجیوپلاسٹی، 575 بائی پاس اور بچوں کے دل کے 304 مفت آپریشنز، 44 ہزار سے زائد کیموتھراپی، 1200 ریڈیوتھراپی سیشنز اور 69 ہزار ڈائیلاسز مکمل کیے گئے، 12,300 آرتھوپیڈک، 3,412 نیورو سرجریز اور 183 پلاسٹک سرجری کے کیسز، 55 ہزار سے زائد کیسز ہینڈل کیے گئے جن میں 24,688 نارمل ڈیلیوریز اور 20,344 سی سیکشن آپریشنز شامل ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو مہنگے علاج کی فکر سے آزاد کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت کارڈ کے نیٹ ورک میں ملک کے تمام بڑے ہسپتالوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کو علاج کے لیے بہترین سہولیات میسر آئیں۔