پاکستانی سی فیررز کے لیے ناروے کے دروازے کھل گئے، بحری تعاون کی تاریخی یادداشت پر دستخط

اوسلو/اسلام آباد(رم نیو ز) پاکستان اور ناروے کے درمیان بحری شعبے میں تعاون کی ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوئے ہیں، جس کے تحت اب پاکستانی سی فیررز (بحری عملہ) ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر خدمات انجام دے سکیں گے۔ناروے میں پاکستانی سفارتخانے اور نارویجن میری ٹائم اتھارٹی کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستانی سی فیررز کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کو عالمی معیار کے مطابق تسلیم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس معاہدے کو پاکستانی افرادی قوت کے لیے ایک بڑا سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے بحری شعبے میں روزگار کے نئے اور وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستانی عملے کو جدید بحری طریقہ کار اور عالمی شپنگ انڈسٹری کا عملی تجربہ حاصل ہو سکے گا۔ یہ اقدام پاکستانی سی فیررز کی پیشہ ورانہ ترقی کی راہ ہموار کرے گا اور دونوں ممالک کے مابین میری ٹائم تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔