سکردو ایئرپورٹ کا رن وے مرمت کے لیے جزوی بند، پروازوں کا شیڈول متاثر، نوٹم جاری

سکردو(رم نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے سکردو ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے پر بڑے پیمانے پر مرمتی کام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے جزوی طور پر بند کر دیا ہے۔ ایئرپورٹ حکام کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پروازوں کی آمد و رفت کے اوقات محدود رہیں گے۔ جاری کردہ نوٹم کے مطابق رن وے کی بندش کا شیڈول درج ذیل ہے۔مرکزی رن وے روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 4 بجے تک آپریشنز کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔ مرمتی کام کا یہ سلسلہ 28 جون 2026 تک جاری رہے گا۔

ترجمان کے مطابق، رن وے کی عمر بڑھانے اور محفوظ لینڈنگ یقینی بنانے کے لیے درج ذیل کام کیے جا رہے ہیں۔ رن وے کی سطح کو موسمی اثرات سے بچانے کے لیے حفاظتی تہہ چڑھائی جا رہی ہے۔ وقت کے ساتھ رن وے پر پڑنے والی دراڑوں کی فنی مرمت کی جائے گی۔ رن وے کی مارکنگ اور اشاروں کو واضح کرنے کے لیے دوبارہ پینٹ کیا جائے گا۔ایئرپورٹ حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ایمرجنسی لینڈنگ کے لیے رن وے کو فوری طور پر کھولا جا سکتا ہے۔ تاہم، اس کے لیے متعلقہ طیارے کو کم از کم ایک گھنٹہ قبل ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) کو مطلع کرنا ہوگا۔