چھوٹے سولر صارفین کو لائسنس سے استثنیٰ مل گیا

اسلام آباد (رم نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک بڑا ریلیف جاری کرتے ہوئے 25 کلو واٹ تک کے نیٹ میٹرنگ سسٹمز کے لیے لائسنس کی لازمی شرط ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ اقدام وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ چھوٹے اور گھریلو صارفین کو ریگولیٹری پیچیدگیوں سے بچایا جا سکے۔

پاور ڈویژن کی درخواست پر نیپرا نے اس استثنیٰ کی منظوری دی، جس کے بعد اب 25 کلو واٹ یا اس سے کم صلاحیت کے حامل صارفین کو نیٹ میٹرنگ کے لیے لائسنس کے طویل عمل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ نیپرا نے پاور ڈویژن کے خط کے بعد اس فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک میں متبادل توانائی کے فروغ کو تیز کرنا ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف نیٹ میٹرنگ کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی بلکہ صارفین کے وقت اور اخراجات میں بھی خاطر خواہ بچت ہوگی۔