اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر، جامع حکمت عملی اور عوامی آگاہی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے تعمیراتی شعبے میں حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ زلزلہ متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں قدرتی آفات کا شکار ہونے والوں کے ساتھ مکمل اظہارِ ہمدردی کرتا ہے۔
انہوں نے اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں 80 ہزار قیمتی جانوں کا ضیاع اور لاکھوں افراد کا بے گھر ہونا ہماری قومی یادداشت پر ایک گہرا زخم ہے، مگر اس نے قوم کے حوصلے اور اجتماعی عزم کو بھی اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی اطلاع اور سیٹلائٹ ماڈلنگ میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کہ پاکستان سکول سیفٹی پروگرام کے تحت نصاب میں آفات سے متعلق تعلیم شامل کی جائے۔کمیونٹی فرسٹ ریسپانڈرز کی تربیت کر کے مقامی سطح پر استعداد کار بڑھائی جائے۔جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) کے ذریعے خطرات کی نشاندہی کی جائے۔
شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ایک محفوظ اور مضبوط مستقبل کی تعمیر کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔