تہران/ دبئی(رم نیوز) ایران نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبلز کی سکیورٹی خطے کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔ دنیا کا 99 فیصد انٹرنیٹ ٹریفک انہی سب میرین کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے جو ایشیا، یورپ اور افریقہ کو جوڑتی ہیں۔ کسی بھی نقصان کی صورت میں عالمی مالیاتی لین دین، ای کامرس اور کلاؤڈ سسٹمز بری طرح متاثر ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق اس حساس علاقے میں کیبل کٹنے سے پاکستان سمیت پورے خطے میں انٹرنیٹ کی رفتار سست اور ویب سائٹس تک رسائی مشکل ہو سکتی ہے۔ کشیدہ حالات اور سکیورٹی خدشات کے باعث ان کیبلز کی مرمت کا عمل انتہائی طویل اور پیچیدہ ہو سکتا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ سسٹم ان کیبلز کا متبادل نہیں بن سکتے، جس کی وجہ سے یہ آبی گزرگاہ ڈیجیٹل دنیا کا سب سے حساس 'چوک پوائنٹ' بن گئی ہے۔