پشاور(رم نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی بلاوجہ جیل میں ہیں، جہاں انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھ کر اہل خانہ اور قانونی ٹیم سے بھی ملنے نہیں دیا جا رہا۔'سینیٹر آف ایکسیلنس' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سنگین انکشاف کیا کہ قید کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسم کو پابندِ سلاسل کیا جا سکتا ہے لیکن کسی کے نظریے پر پہرا بٹھانا ممکن نہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت بانی کے وژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔
سہیل آفریدی نے صوبے میں بڑی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں سے فرسودہ کورسز کو ختم کر کے جدید نصاب متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانا اور ان پر سرمایہ کاری کرنا حکومت کا اولین مشن ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیاب ہو سکیں۔ صوبائی انتظامیہ کو سخت ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور سفارش کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ "اگر میں خود بھی کسی کام کی سفارش کروں تو اسے نہ مانا جائے"۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ صوبے کے وسائل کا رخ صرف عوام کی ترقی کی جانب ہوگا۔