ایران شکست تسلیم کرے، مقاصد حاصل کر چکے ہیں: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی مقاصد تقریباً حاصل کر لیے گئے ہیں، لہٰذا تہران کو اب اپنی ہار مان لینی چاہیے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کے 82 فیصد میزائل تباہ اور 159 بحری جہاز ڈبو دیے گئے ہیں، جبکہ ایرانی کرنسی اپنی قدر کھو چکی ہے۔ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران کے ساتھ فون پر رابطہ جاری ہے اور روسی صدر پیوٹن سے بھی یوکرین و ایران کے معاملے پر بات ہوئی ہے۔ امریکی سینٹ کام نے ایران کے اندرونی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے پہلی بار 'ڈارک ایگل' ہائپر سونک میزائل مشرق وسطیٰ بھیجنے کی درخواست کر دی ہے۔ صدر پیوٹن نے ایرانی جوہری پروگرام پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سفارتی حل کی تجاویز پیش کی ہیں اور یوکرین میں عارضی جنگ بندی کی پیشکش بھی کی ہے۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر شاہرام ایرانی نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی پیش قدمی کی صورت میں آخری قطرہ خون تک مقابلہ کیا جائے گا۔