'اپنا گھر سکیم' کا آغاز، ایک کروڑ روپے تک قرض کی فراہمی شروع

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے "وزیراعظم اپنا گھر سکیم" کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران وزیراعظم نے قرض کے لیے اہل قرار پانے والے افراد میں بینک چیکس تقسیم کیے۔اس سکیم کے تحت مستحق افراد کو اپنا گھر بنانے کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان شرائط پر دیا جائے گا، جس کی واپسی کی مدت 20 سال مقرر کی گئی ہے۔

یہ منصوبہ چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر نافذ العمل ہوگا۔ پہلے سال کے دوران 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ آنے والے برسوں میں اس تعداد کو 5 لاکھ گھروں تک بڑھایا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سکیم کی پیشرفت کا ماہانہ بنیادوں پر خود جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تعمیراتی شعبے میں تیزی آنے سے ملکی معیشت کا پہیہ چلے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے سکیم میں تعاون کرنے والے بینکوں کے لیے 14 اگست پر خصوصی اعزازات اور میڈلز دینے کا بھی اعلان کیا۔