واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپی اتحادیوں کے درمیان ایران جنگ کے معاملے پر بڑھتے ہوئے سفارتی اختلافات کے بعد امریکہ نے جرمنی سے اپنے 5,000 فوجی واپس بلانے کا باقاعدہ حکم جاری کر دیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے فوجیوں کے انخلا کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے درمیان ایران کے مسئلے پر سخت کلامی ہوئی۔
جرمن چانسلر نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی حکومت امن مذاکرات کے بہانے امریکہ کو عالمی سطح پر نیچا دکھا رہی ہے، جس کے ردعمل میں صدر ٹرمپ نے جرمنی سے فوجی موجودگی کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ جرمنی سے 5,000 امریکی فوجیوں کی واپسی کا عمل آئندہ 6 سے 12 ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران جنگ کے حوالے سے واشنگٹن اور یورپی دارالحکومتوں کے درمیان پالیسی سازی پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ اقدام نیٹو کے اہم رکن ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر امریکہ کے سخت گیر موقف کی عکاسی کرتا ہے۔