کراچی پورٹ پر پہلے مکمل ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز کی آمد، بحری تجارت میں نئی تاریخ رقم

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں ایک بڑے سنگِ میل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) پر پہلے مکمل ٹرانس شپمنٹ کارگو ویسل 'ایم وی ارلن' کی کامیاب برتھنگ مکمل ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق ماضی میں کراچی پورٹ پر صرف کنٹینرز کی ٹرانس شپمنٹ تک محدود سہولت دستیاب تھی۔محمد جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی کو ملکی بحری تجارت کے لیے ایک "کوانٹم لیپ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حالیہ حکومتی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے بین الاقوامی تجارتی مسابقت بڑھے گی اور پاکستان خطے میں ایک فعال میری ٹائم حب کے طور پر سامنے آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں اب ہر قسم کے کارگو اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو سنبھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کامیابی سے عالمی تجارتی راستوں کے درمیان پاکستان کا کردار مزید مستحکم ہوگا اور ملکی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔