کراچی میں گرمی کی لہر: پارہ 38 ڈگری تک چھونے کا امکان، محکمہ موسمیات کا انتباہ

کراچی(رم نیوز) کراچی میں گرمی کی شدت بڑھنے لگی ہے اور محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے وقت مطلع صاف رہے گا اور درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہونے کی وجہ سے گرمی کی تپش زیادہ محسوس ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں اس وقت مغرب کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم دن کے مختلف اوقات میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے جو گرد و غبار کا سبب بن سکتی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ رکھیں۔