ٹھلیاں انٹرچینج کے قریب المناک حادثہ، کار اور ٹرک میں تصادم، 2 افراد جاں بحق

اسلام آباد (رم نیوز)اسلام آباد،لاہور موٹروے پر ٹھلیاں انٹرچینج کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار اور ٹرک کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار کو بری طرح نقصان پہنچا اور اس میں سوار دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 37 سالہ فیضان اور 55 سالہ اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے میں 45 سالہ عابد حسین شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ موٹروے پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا اور سڑک سے متاثرہ گاڑیوں کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔