لاہور (رم نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کا سنسنی خیز فائنل آج لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں پشاور زلمی اور ایونٹ کی نووارد ٹیم حیدر آباد کنگز مین ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔ فائنل میچ سے قبل ایک پروقار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ملک کے نامور گلوکار اپنی پرفارمنس سے شائقین کے لہو کو گرمائیں گے۔ تقریب میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز آواز کا جادو جگائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شائقینِ کرکٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لیے مقررہ وقت پر سٹیڈیم پہنچ جائیں۔ معرکے سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے چمچماتی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کروایا۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین تسلسل دکھایا ہے، کھلاڑی فارم میں ہیں اور ہم فائنل میں بھی اسی جوش کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین کی قیادت نے بھی فائنل جیتنے اور تاریخ رقم کرنے کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فائنل کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شائقین کی سہولت کا خاص خیال رکھا جائے اور ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پی ایس ایل 11 کا فائنل معرکہ آج: پشاور زلمی اور حیدر آباد کنگز مین مدمقابل، قذافی سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل